English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یوکرین کیلئے 2.3 ارب ڈالر امریکی امداد کا اعلان

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہاہے کہ امریکا یوکرین کو 2.3 ارب ڈالر کا نیا سیکورٹی پیکیج فراہم کرے گا جس میں اہم فضائی دفاعی اور ٹینک شکن ہتھیار شامل ہوں گے۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسلحہ کی کمی کی شکار یوکرینی فوج کو روسی فوجیوں کی پیش قدمی روکنے کے لیے سخت مشکلا ت کا سامنا ہے۔ ماسکو کی جانب سے باقاعدگی سے مشرقی یوکرین کے دیہات پر قبضے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق لائیڈ آسٹن نے یوکرینی ہم منصب رستم عمروف کے ساتھ ملاقات کے مطابق موقع پر کہا کہ امریکی پیکیج مزید فضائی دفاع ، ٹینک شکن ہتھیار اور دیگر ضروری جنگی سازوسامان فراہم کرے گا۔ یہ ہتھیار امریکی عسکری ذخائر سے فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اقدام امریکا کے لیے مزید پیٹریاٹ اور این اے ایس اے ایم ایس فضائی دفاعی نظام کی راہ ہموار کرے گا۔ ادھر رستم عمروف نے واشنگٹن کی طرف سے مدد پر آسٹن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس حمایت سے ہم روس کی جارحیت کو روک سکیں گے۔ واضح رہے کہ فروری 2022 ء میں روس کی طرف سے حملے کے بعد سے امریکا یوکرین کا ایک اہم فوجی حمایتی رہا ہے جس نے 51 ارب ڈالر سے زیادہ کے ہتھیار، گولا بارود اور دیگر سیکورٹی امداد فراہم کرنے کے وعدے کررکھے ہیں۔ دوسری جانب چین اور روس نے سرحد پار دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ فوجی مشقیں شروع کردیں۔ دونوں ممالک کے فوجی دستوں نے چین کے شہر ہے ہی اور روسی شہر بلاگوویشنگ کے درمیان دریائے آمور پر واقع ہیلونگ سیانگ پل کے ارد گرد انسداد دہشت گردی کی مشق کی ۔ اس دوران فضائی جاسوسی، بحری مداخلت اور گھات لگاکر کی جانے والی کارروائیوں کو ناکام بنانے کی تربیت حاصل کی گئی۔ مشق میں انٹیلی جنس کے اشتراک سے آپریشنل کوآرڈینیشن پر توجہ مرکوز کی گئی اور سرحدی علاقوں کی سلامتی کو یقینی بنا نے کے اقدامات کی تربیت حاصل کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے