کراچی : وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، معیشت کے حوالے اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔
وزیر اعظم تاجروں اور برآمد کنندگان سے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شرکت کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے دورہ کراچی کے دوران کراچی پورٹ کے معاملات کی بہتری کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ وزیراعظم کو کے پی ٹی، پورٹ قاسم اتھارٹی اور پی این ایس سی پر بریفنگ دی جائے گی۔
انہیں قومی آمدنی میں اضافے اور تاجر برادری کو سہولیات کے بارے میں بھی بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم ایکسپورٹ اور امپورٹ سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ لیں گے اور اس حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
گزشتہ روز پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے متعدد وزارتوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ بہت زیادہ مالی نقصان اٹھا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ وزارتوں کو ایک ہفتے میں اس کے خاتمے کا لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطالبات کے مطابق ہے، جو بعض وفاقی وزارتوں کو ختم کرنے کی وکالت کرتے رہے ہیں۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب وزیر اعظم نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں ان تمام سرکاری محکموں اور وزارتوں کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا جو سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ملک کے اربوں روپے کی بچت ہوگی اور یہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم نے فالتو وزارتوں اور محکموں کے معاملے پر غور و خوض کے لیے ایک وزارتی کمیٹی بھی تشکیل دی۔
