شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا کیپٹن شہید اور 2 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتا لگایا اور سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران سامنے سے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے 24 سالہ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد نے بہادری سے لڑتے ہوئے لازوال قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔
فوج کے میڈیا ونگ نے کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
