بدین (نمائندہ جسارت) 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور یومِ عاشورہ کے حوالے سے مرکزی جلوس و دیگر چھوٹے بڑے ماتمی جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کرنے کے لیے ایس ایس پی شیراز نظیر کی قیادت میں 2000 ہزار سے زائد افسران و جوان سیکورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ 10 محرم الحرام کو مرکزی ماتمی جلوسوں کے علاؤہ دیگر چھوٹے بڑے 118 ماتمی جلوس نکالے جائیں گے جن میں ایک انتہائی حساس، 14 حساس اور 103 نارمل جلوس نکالے جائیں گے، جبکہ 485 نارمل مجالس منعقد ہوں گی، ضلع بھر میں 6 سیکٹرز بنائے گئے ہیں جن کی سیکورٹی کی نگرانی ڈی ایس پیز کریں گے جبکہ 15 سب سیکٹرز تشکیل دے دیے گئے ہیں جن کی سیکورٹی کی نگرنای متعلقہ ایس ایچ اوز کریں گے، تربیت یافتہ کمانڈوز مرکزی ماتمی جلوس کے علاوہ اہم مقامات اور جگہوں کی چھتوں پر سیکورٹی کے لیے تعینات کیے جا رہے ہیں، ڈی آئی بی کی جانب سے جاری کردہ سیکورٹی پلان کے مطابق ضلع بھر کے تمام مجالس اور جلوسوں پر ایک ASP/UT 9 ڈی ایس پیز ، 35 انسپکٹرز، 55 سب انسپکٹرز، 116 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، ہیڈ کانسٹیبلز اور لیڈی کانسٹیبلز سمیت 2000 جوان ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جبکہ رینجرز کے 120 افسران و جوان بھی اپنے فرائضِ منصبی ادا کر رہے ہیں۔