لاہور (اے پی پی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ24 گھنٹے کے دوران ریجن بھر میں مزید 523 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 168 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 25 کو گرفتار کیا جا چکا ہے، پکڑے جانے والے کنکشنز میں 22 کمرشل، 16 زرعی اور 485 گھریلو تھے، تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو4 لاکھ 40 ہزار 833 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کیے گئے ہیں جن کی مالیت ایک کروڑ 40 لاکھ 56 ہزار 85 روپے ہے۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف کیے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کیے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کیے گئے، جبکہ انسداد بجلی چوری مہم کو 291 روز مکمل ہو گئے ہیں اور اس دوران کل ایک لاکھ 4 ہزار 408 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 89 ہزار 104 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر 34 ہزار 326 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ بجلی چوروں کو اب تک 11 کروڑ 62 لاکھ 43 ہزار999 یونٹس چارج کیے گئے ہیں جن کی مالیت 4 ارب 17 کروڑ 38 لاکھ 82 ہزار 46 روپے ہے۔