جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں شدید گرمی و حبس کی وجہ سے درجنوں افراد کی حالت غیر ہوگئی، دم گھٹنے سے ایک نوجوان فوت، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام بلبلا اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں ہفتہ کے روز شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے درجنوں افراد کی حالت غیر ہوگئی اور کئی افراد بے ہوش ہوگئے، شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے کئی لوگ اسپتال میں داخل ہوچکے ہیں، تحصیل ٹھل کے علاقے جونگل میں ایک نوجوان علی گوہر کنڈرانی گرمی اور حبس کی وجہ سے دم گھٹنے کے باعث فوت ہوگیا، ایک طرف شدید گرمی و حبس اور دوسری جانب سے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، بجلی کی بندش کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہے۔شہریوں نے کہا کہ شدید گرمی و حبس کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری ہورہی ہے اوپر سے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے سینکڑوں شہری اسپتالوں میں داخل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
