English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فلسطینیوں کی مدد کیلیے اسرائیل پر حملہ کرسکتے ہیں، ترک صدر۔صدام حسین کا انجام یاد رکھیں، اسرائیل

القمر

تل ابیب/ انقرہ /غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک /اے پی پی /آئن لائن) صدر طیب اردوان نے دھمکی دی ہے کہ ترک افواج فلسطینیوں کی مدد کے لیے اسرائیل میں داخل ہوسکتی ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ ماضی میں ترک فوج کارروائی کے لیے جنگ زدہ ناگورنو قراباغ اور لیبیا میں داخل ہوئی تھیں اور اب ہوسکتا ہے اسرائیل میں بھی ہمیں ایسا ہی کرنا پڑے گا‘ اسرائیل میں داخل ہونے اور فلسطینیوں کی مدد کرنے کی ہمارے پاس بڑی وجہ موجود ہے‘ ہمیں یہ قدم اٹھانے کے لیے مضبوط ہونا پڑے گا‘ ہمیں ایسا کرنا ہی پڑے گا۔ترک صدر طیب اردوان کے فلسطینیوں کی مدد کے لیے حملے کی دھمکی پر اسرائیلی وزیر خارجہ کا بیان سامنے آگیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے کہا کہ ہمیں حملے کی دھمکی دیکر ترک صدر نے صدام حسین کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کی ہے‘ ترک صدر یاد رکھیں کہ پھر صدام حسین کا کیا انجام ہوا تھا۔ خیال رہے کہ عراق کے سابق صدر صدام حسین کو باغیوں کی مدد سے ایک فارم ہائوس کے تہہ خانے سے امریکی فوجیوں نے پکڑا تھا اور بعد میں پھانسی دی گئی تھی۔جس پر ترکیہ کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نسل کشی کرنے والے ہٹلر کا انجام یاد رکھیں‘ نیتن یاہو فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث ہیں اور ان کا انجام بھی ہٹلر کی طرح ہوگا۔ ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے فخریہ کہا کہ ترک صدر طیب اردوان انسانیت کے ضمیر کی آواز بن چکے ہیں جسے بین الاقوامی صیہونی حلقے خاص طور پر اسرائیل دبانے کی کوشش کر رہاہے۔ اسرائیل کی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کی دھمکی کے بعد امریکا، اٹلی اور جرمنی نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے جب کہ برطانیہ، فرانس اور دیگر ممالک نے سفری انتباہ جاری کیا۔ دوسری جانب امریکا، اٹلی اور جرمنی نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر واپس آنے یا کسی دوسرے محفوظ ملک جانے کی ہدایت کی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گولان کی پہاڑیوں کے علاقے مجدال شمس کے دروز قصبے پر راکٹس حملے میں 12 اسرائیلی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جس کا الزام حزب اللہ پر عاید کرتے ہوئے اسرائیل نے لبنان میں حملے کی دھمکی دی ہے۔اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کے لیے تیاری مکمل کرلی جس کے بعد لفتھانسا، ائر فرانس، ٹرانساویا اور آسٹرین ائر لائنز نے بیروت جانے والی پروازیں معطل کر دیں۔ تاہم اسرائیل اور امریکا کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ان حملوں میں حزب اللہ کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔اسرائیلی طیاروں کی غزہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری سے 24 گھنٹے کے دوران مزید 70 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے جنوبی غزہ میں پیش قدمی بڑھا دی جس کے نتیجے میں مزید 70 سے زاید فلسطینی شہید ہوگئے۔ جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج کو فلسطینی گروپوں کی سخت مزاحمت کا سامنا ہے، اس دوران کئی اسرائیلی ٹینک تباہ کردیے گئے اور ایک اسرائیلی فوجی بھی مارا گیا۔ ادھر اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مشرقی علاقے کے بعد وسطی علاقوں سے بھی بے گھر فلسطینیوں کو جبری طور پر بے دخل کرنے کا حکم دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے