رائے ونڈ (این این آئی)کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر ہونیوالے رائے ونڈ شہر کے تینوں پارک کھنڈرات میں تبدیل ،پارک کی دیکھ بھال کیلئے تعینات8مالی میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کے گھروں میں ڈیوٹی سرانجام دینے لگے ۔ تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی عدم توجہ سے رائے ونڈ شہر میں کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر ہونیوالے جناح آبادی پارک ،سینما روڈ پارک ،رائے ونڈ کلاں پارک کھنڈرات کا منظر پیش کررہے ہیں کئی سالوں سے پارک کی تعمیر ومرمت کا کام نہیں کیا گیا ،ذرائع کے مطابق مذکورہ پارکس کی دیکھ بھال کیلئے ڈیوٹی سرانجام دینے والے آٹھ مالی میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کے گھروں میں ڈیوٹی پر مامور ہیں چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن علی عباس بخاری نے آج تک رائے ونڈ سی او یونٹ کا دورہ کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی ، سی او یونٹ کے وسائل پر قابض میٹروپولیٹن کارپوریشن رائے ونڈ شہر کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دل چسپی نہیں لے رہی جس سے آئے روز شہریوں کے مسائل میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے رائے ونڈ کے شہریوں کے لئے بنائے گئے پارکس میں جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،خواتین اور بچے ان پارک میںآنے سے خوف کھاتے ہیں آوارہ جانوروں کا بسیرا ہے ،موذی حشرارت الارض کی بھرمار اور گٹروں کے گندے پانی سے پارک بیماریاں پھیلانے کاسبب بن رہا ہے ،رائے ونڈ ٹائون کمیٹی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ضم ہونے کے بعد شہری خوار ہو کر رہ گئے ہیں شکایات کے باجود میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ،شہریوں کیلئے قائم پارکس میں مبینہ کرپشن اور عدم توجہ کی وجہ سے میٹروپولیٹن کارپوریشن جیسے اہم ادارے کی جگ ہنسائی ہورہی ہے ،پارکس کی بحالی کیلئے ڈیوٹی پر مامور آٹھ مالی حضرات کی ایک طویل عرصے سے غیر حاضری میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا رہی ہے شہریوں نے وزیر اعظم شہباز شریف ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ رائے ونڈ کے وسائل کو بے دردی سے لوٹنے اور شہریوں کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والے میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیں تاکہ شہریوں کی تکالیف کا ازالہ ممکن ہو ۔