غزہ:مقبوضہ فلسطین کی مزاحتمی تنظیم حماس نے اپنے ملٹری چیف محمد الضیف ابراہیم المصری کی شہادت کے اسرائیلی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کے ملٹری چیف بالکل ٹھیک ہیں اور اسرائیل کے خلاف کارروائیوں کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے ترجمان نے کہاکہ اسرائیل اپنے فوجیوں کی ایک بڑی تعداد مروانے کے بعد پروپیگنڈے کے تحت ہمارے جذبات سے کھیل رہاہے، محمد الضیف ابراہیم المصری کے قتل میں اسرائیل ناکام رہا۔
انہوں نے مزید کہاکہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد ہمارے ایمان مزید تازہ ہوگئے ہیں، اللہ تعالی اسماعیل ہانیہ کی شہادت کو قبول کرے، بہت جلد اسرائیل کا بھاری نقصان اٹھانا ہوگا۔
حماس کے عسکری رہنما محمد الضیف ابراہیم المصری نے7 اکتوبر کو طوفان الاقصیٰ آپریشن شروع کیا تھا، ملٹری چیف نے 30 سالوں کے دوران حماس کے لیے بہت کام کیا، سرنگوں کے نیٹ ورک اور بم بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا،وہ کئی دہائیوں سے اسرائیل کو مطلوب ترین افراد میں سرفہرست ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس کے ملٹری چیف کوجولائی میں ایک حملے میں شہید کیا تھا۔

