راولپنڈی: پی ٹی آئی اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔پارٹی واضح تین دھڑوں میں تقسیم ہو کر رہ گئی۔شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت منسوخی پر پی ٹی آئی قیادت میں دھڑے بندی سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کی پارٹی کی بنیادی رکنیت منسوخی کے معاملے پر تحریک انصاف کی قیادت میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔گزشتہ روزاڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کے قائم مقام سیکرٹری اطلاعات شعیب شاہین کی جانب سے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کی تصدیق کردی گئی ہے۔
شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت کو بانی چیئرمین کی ہدایت پر نکالا گیا ہے جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر شیر افضل مروت کی حمایت میں سامنے آ گئے ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت عمران خان کے وفادار ترین ساتھیوں میں سے ایک ہیں۔ ان کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن میرے علم میں نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بطور پارٹی چیئرمین شیر افضل مروت یا کسی اور کو بھی پارٹی سے نہیں نکالوں گا۔ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر ممکنہ طور پرشیر افضل مروت کی سفارش کے لیے بانی چیئرمین سے ملنے اڈیالہ جیل جائیں گے۔190 ملین پونڈ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی کو شیر افضل سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے ناگواری کا اظہار کرتے ہوےئے جواب نہیں دیا۔
