English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان کی طرف اٹھنے والی آنکھوں کو نوچ لیں گے،بہتر یہی ہے کہ ہم امن کا راستہ اپنائیں : شہباز شریف

مطفر آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، پاکستان کی طرف اٹھنے والی آنکھوں کو نوچ لیں گے، بہتر یہی ہے کہ ہم امن کا راستہ اپنائیں اور بیٹھ کر تنازعات کو حل کریں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا حق مانگنے والے لاکھوں ،کروڑوں کشمیروں کے ساتھ پچھلے 77 سال سے یہ ظلم روا رکھا گیا ہے ،قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے، یہ وہ ایک جملہ ہے جب تک مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بھائی اور بہن آزاد نہیں ہوجاتے،

 شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کے دن بھارتی حکومت نے غاصبانہ طور پر مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کے حقوق کو چھین لیا اور آرٹیکل 370 کا خاتمہ کرکے مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی لوگوں کو آباد ہونے کا غیرقانونی حق دے دیا گیا، آج کے دن ہم کشمیری بھائیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ،وہاں رہنے والے لوگوں کی جائیدادیں خریدنے کا ناجائز حق دیا گیا۔ ایک دن ایسا آئے گا جب ہم سجدہ شکر ادا کریں گے، جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوں گے اور اس دن انشااللہ کشمیر مکمل طور پر آزاد ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیریوں کو بنیادی حقوق مہیا نہیں ہوجاتے، پاکستان ہمیشہ ان کی اخلاقی مدد کرتا رہے گا اور عالمی اداروں کے دروازے پر دستک دیتا رہے گا۔کشمیریوں کے مقصد حیات کے لیے جن ہزاروں، لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، آج ہم ان کی عظیم قربانیوں کو پوری طرح سراہتے ہیں اور یہ وعدہ کرتے ہیں کہ کبھی بھی ان کی اس قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 5اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کی مذمت کرتا ہے ، بھارت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتا، یہ بات ذہن میں رکھ لینی چاہیے کہ بھارت کبھی بھی فلسطین کی طرح کشمیر کو اپنا حصہ نہیں بناسکے گا، وہ جتنا ظلم ڈھالے اسرائیل بن نہیں سکے گا، ہندوستان کو ہوش کے ناخن لینے پڑیں گے، وہ پاکستان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کرسکتا، پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے لیکن پاکستان نے اپنے ایٹمی ہتھیاروں کو جارحیت کے لیے استعمال کا کبھی سوچا تک نہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے