دھیر کوٹ (صباح نیوز) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک میں فتح و کامرانی مجاہدوں کے قدم چومے گی۔ انہوں نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی ایک تاریخ ہے، وہ حصول آزادی کے لیے ہے‘ آزادی کی تحریکیں ضروری نہیں کہ ماہ و سال میں اپنی منزل پا لیں‘ اگر تحریک میں شامل قومیں استقامت اور بلند عزم رکھتی ہیں تو تحریک سمندر کی لہروں کی طرح ساحل پر جا کر رکتی ہیں‘ کشمیری مجاہد قوم ہونے کے ساتھ ساتھ مظلوم قوم بھی ہیں‘ کشمیر کی داستان صدیوں پر محیط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برصغیر میں آزادی کی جنگ2 سو سال سے زیادہ لڑی گئی، حالات اور جغرافیے بدلتے رہتے ہیں، نئی نسلوں کو نیا ماحول ملتا ہے، تمام تبدیلیوں کے باوجود آزادی کا نظریہ نسل در نسل نئی نسل تک پہنچتا ہے۔جمعیت علما اسلام کے سربراہ نے کہا کہبھارت نے غلط فیصلہ کیا‘ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا‘ یہاں پاکستان کے اس وقت کے حکمرانوں نے خاموشی اختیار کرکے غلطی کی‘ پاکستان کے عوام، جوان اور قوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی زمین کو نہیں خریدا جاسکتا‘ انگریز نے1917ء میں غلط معاہدے کے تحت یہودیوں کو وہاں بستیاں بنانے کی اجازت دی‘ قیام پاکستان کی قرارداد 1940ء میں لاہور میں منظور ہوئی‘ اسی قرارداد میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ فلسطین کی سرزمین پر یہودی آبادکاری، نئی بستیاں ناجائزعمل ہے۔
دھیر کوٹ کشمیر: امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمن جلسے سے خطاب کر رہے ہیں
