English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ٹیرر فنانسنگ کیس: رؤف حسن کی درخواست ضمانت منظور

we are not getting justice

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کی دہشت گردی کی مالی معاونت کیس میں درخواست ضمانت منظور کرلی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے رؤف حسن کے خلاف ٹیرر فنانسنگ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

وکیل علی بخاری نے درخواست ضمانت پر دلائل شروع کرتے ہوئے مقدمے کا متن پڑھ کر سنایا۔

انہوں نے کہا ہے کہ رؤف حسن مقدمہ میں نامزد نہیں تھے، انہیں بعد میں نامزد کیاگیا، دہشتگردی کیس میں رؤف حسن کا اسٹیٹس دیکھنا ضروری ہے، رؤف حسن کو 22 جولائی کو ایک الگ کیس میں تحریک انصاف سیکریٹریٹ سے گرفتار کیا گیا، 30 جولائی کو دہشتگردی کیس میں رؤف حسن کو گرفتار کیا گیا، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجے کا مقصد ہے کہ رؤف حسن اب پولیس کو تفتیش کے لیے درکار نہیں، مقدمے میں رؤف حسن نامزد نہیں، ایف آئی آر بلائنڈ ہے۔

اس موقع پر جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ رؤف حسن کے خلاف کیس کا ریکارڈ عدالت آگیا ہے، مبارک ہو۔

بعد ازاں وکیل علی بخاری کا کہنا تھا کہ رؤف حسن 75 سال کے ہیں، امراض قلب میں مبتلا اور کینسر سروائیور ہیں، روف حسن تحریک انصاف کے ترجمان ہیں اور اسی وجہ سے گرفتار ہیں، رؤف حسن کے خلاف کوئی ایسا ثبوت نہیں جو جرم کے ساتھ براہ راست منسلک کرے، احمدوقاص جنجوعہ کا بیان سامنے نہیں لیکن بیان کی روشنی میں رؤف حسن کو نامزد کردیا گیا، رؤف حسن کو جیل میں رکھنے کا کوئی جواز ہے؟ کچھ نہیں، ضمانت ہوتی ہے تو رؤف حسن کو کسی اور کیس میں گرفتار کرلیتے ہیں۔

بعدازاں عدالت نے پراسیکیوٹر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض رؤف حسن کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے