واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے اپنی باقی ماندہ فوجی یونٹوں کو بھی نائیجر سے نکال کر ملک میں موجود آخری فوجی بیس بھی مقامی انتظامیہ کے حوالے کر دیا ۔ امریکی وزارت دفاع پینٹاگون اور نائیجر کی وزارت دفاع نے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پینٹاگون نے آگاڈیز شہر میں موجود 201 ویں اور آخری فوجی ائر بیس بھی نائیجر کے فوجی حکام کو منتقل کر دیاہے۔ بیان میں بیس پر موجود اہلکاروں اور فوجی سازوسامان کی انخلاکی کاروائیوں کے لیے باہمی ربط و ضبط کا ذکر کیا گیا اور کہا گیا کہ امریکا اور نائیجر کی فوج کے درمیان تعاون اور رابطے نے منتقلی کے عمل کو طے شدہ پروگرام سے قبل مکمل کر دیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اس سلسلے میں ائر بیس کے ایک ہینگر پر تقریب منعقد کی گئی،جس میں مشترکہ بیان پڑھا گیا ور اس کے بعد فریقین نے اختیارات کی منتقلی کے دستاویزات پر دستخط کیے۔ واضح رہے کہ نائیجر نے 17 مارچ کو امریکا کے ساتھ 12 سال قبل طے کیے گئے فوجی تعاون سمجھوتے کی منسوخی کا اعلان کیا تھا اور امریکی فوجیوں کے ملک سے فوری انخلا کا مطالبہ کیا تھا۔ امریکا نے بھی جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ 15 ستمبر تک نائیجر سے فوجی انخلا مکمل ہو جائے گا۔
