English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گرینڈ اپوزیشن الائنس کا الیکشن ایکٹ کو چیلنج کرنے کا اعلان

القمر

اسلام آباد/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک/صباح نیوز/نمائندہ جسارت) گرینڈ اپوزیشن الائنس نے الیکشن ایکٹ کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کرنے اور 14 اگست کو ملک کے بڑے شہروں میں سیمینار منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گرینڈ اپوزیشن الائنس کا اجلاس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میںتحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان، شبلی فراز، سابق اسپیکر اسد قیصر، اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں عمر ایوب نے کہا کہ 13 اگست کو پاکستانی جھنڈے لے کر طلبہ اور نوجوان نکلیں گے، 14 اگست کو آئین اور جمہوریت پر سیمینار منعقد کیے جائیں گے، بلاول کنفیوڑن کا شکار ہیں اور ہر جگہ سے مزے لے رہے ہیں۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ پہلا الائنس ہے جو نہ کسی کے خلاف ہے نہ کسی کی مخالفت میں ہے، آرمی چیف، ججز بڑے ہوں گے‘ اللہ انہیں مزید بڑا کرے‘ ہمارے لیے پارلیمنٹ اور پاکستان بڑا ہے، تمام افراد کو کہتے ہیں کہ آکر ہماری رہبری کریں تاکہ پاکستان کو اچھا چلایا جا سکے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 14 اگست کو ہر صوبے میں حقیقی آزادی کے نام سے دانش وروں کو اکٹھا کریں گے‘ اصلی حقیقی آزادی کیا ہے یہ بتائیں گے‘ اب وقت ہے کہ سب توبہ کریں اور پاکستان ترقی کرے، پاکستان تب آزاد ہو گا جب سب مشترکہ جدوجہد کے لیے آگے بڑھیں گے۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے آئین و قانون کے مطابق ہیں، عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو ختم کرنے کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے، ہمارے 41 ممبران اسمبلی اس الیکشن ایکٹ قانون سازی کو چیلنج کریں گے، محمود خان اچکزئی پارٹی اور دیگر جماعتیں بھی قانون سازی کو چیلنج کریں گی، جسٹس منصور علی شاہ کے چیف جسٹس بننے کا نوٹی فکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے۔اسد قیصر نے کہا کہ محمود اچکزئی کوئٹہ میں اور باقی قیادت دیگر شہروں میں سیمینار منعقد کروائے گی، جب فل کورٹ فیصلے دے تو کس حیثیت سے فیصلے تبدیل کیے جاتے ہیں؟ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور حقیقی آزادی ایونٹس میں سنجیدہ سوچ رکھنے والوں کو بلائیں گے۔ اپوزیشن اتحاد نے 27اگست کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ 27اگست کو صوابی جلسے سے بڑا جلسہ لاہور میں کرنے جا رہے ہیں، اس تاریخی جلسے سے اڈیالہ کے دروازے کھلنے کا قوی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا، 16اگست کو انتظامیہ کے ساتھ مل کر جگہ فائنل کریں گے ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے