ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

نظریہ پاکستان کی عملی تعبیر کے بغیر آزادی بے معنی ہے،تنظیم اسلامی

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) تنظیم اسلامی کے امیرشجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان کی عملی تعبیر کے بغیر آزادی بے معنی ہے۔ یہ بات انہوں نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے دن ہمیں آزادی کی نعمت حاصل ہوئی تھی لیکن 77 برس پہلے قائم ہونے والی مملکتِ خداداد پاکستان میں معاشی، سیاسی اور سماجی مسائل کے انبار قومی سلامتی اور عوامی بہبود پر بری طرح اثر انداز ہورہے ہیں، ہماری رائے میں اگر قراردادِ مقاصد پر خلوص دل اور نیک نیتی سے عمل کیا جاتا اور قیامِ پاکستان کے فوراً بعد تمام مکاتب ِفکر کے 31 جید علما کی جانب سے متفقہ طو رپر پیش کیے گئے 22 نکات کو بنیاد بنا کر پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی طرف پیش رفت شروع ہو جاتی تو پاکستان اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ ہوتا اور استحکام اور ترقی کی طرف رواں دواں ہوتا۔ پھر یہ کہ اس صورت میں ہم فلسطین، کشمیر اور دنیا کے دیگر خطوں میں مسلمانوں پر جاری مسلسل ظلم و درندگی کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنے کے بھی قابل ہوتے۔ امیر تنظیم نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ ہم اپنے طرزِ عمل پر نظر ثانی کرلیں، ماضی میں نفاذِ اسلام کے حوالے سے جو غفلت اور کوتاہی برتی گئی ہے اسے دور کیا جائے اور تحریک ِپاکستان کے دوران اللہ سے کیے گئے وعدے کا ایفا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مختلف قسم کے نظام اور طرزِ ہائے حکومت اپنا کر 77 سال سے ٹھوکریں کھا رہے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ عدل اسلام کا کیچ ورڈ ہے، پاکستان میں نفاذِ عدلِ اسلام ہمارے ایمان کا تقاضا ہے، پھر یہ کہ موجودہ حالات کا منطقی اور عقلی تقاضا بھی اِس کے سوا نہیں ہے کہ ہم اپنی اصل کی طرف لوٹیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں موجود ظلم و زیادتی کی فضا، سیاسی و طبقاتی کشمکش اور معاشی ابتری کو اسلام کے زریں اُصولوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ختم کیا جائے اور بقائے پاکستان کے لیے اسلام کے نظامِ عدل اجتماعی کو مملکتِ خداداد پاکستان میں نافذ کرنے میں مزید تاخیر نہ کریں۔ اللہ نے ہمیں جو مہلت دی ہے اس سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں ۔ہمارا کامل ایمان ہے کہ اللہ ہی ہمارا حقیقی سہارا ہے، اس کے سوا تمام سہارے سراب، دجل اور فریب ہیں جو ہماری ہلاکت کا باعث بنیں گے۔ اللہ ہمیں صحیح فیصلہ کرنے اور پھر اس پر استقامت کی توفیق عطا فرمائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں