قنبرعلی خان (جسارت نیوز)ضلع قنبر شہدادکوٹ کے تمام حدود میں جوا، منشیات کے اڈوں گٹکا، اور ماوا، کی کھلے عام فروخت کا ایس ایس پی ضلع قنبر شہدادکوٹ محمد کلیم ملک نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ملزمان اور انکے سرپرستوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا سختی سے حکم دیا ہے اور ضلع بھر کے تمام پولیس تھانوں کے سیکٹرز پر بیک وقت کارروائی کرتے ہوئے ایک درجن سے زائد مختلف منشیات کے اڈوں پر کامیاب کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں منشیات مسروقہ موٹرسائیکلیں اور ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیاگیا ہے۔ ایس ایس پی محمد کلیم نے صحافیوں کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلعی پولیس نے روپوش، اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلیے دو ہفتہ مہم شروع کی ہے جس کے بتدریج بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں اور پولیس کے اہلکاروں جو اس کالے دھندے میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کرنے کیلیے پولیس انٹیلی جنس بیورو کے ذریعے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ وگن سب انسپکٹر ذاکر حسین سانڈانو معہ اسٹاف کے دوران گشت خفیہ اطلاع پر وگن لاڑکانہ روڈ سے کامیاب کارروائی میں منشیات فروش ملزم حاجن خان کھوسو کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چار کلو گرام چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ دوسری کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ قنبر سٹی سب انسپکٹر ذوالفقار علی اوڈھانو معہ اسٹاف کی بائی پاس قنبر سے کامیاب کارروائی کے دوران تھانہ قنبر سٹی کے کیس میں مطلوب ملزم صاحب خان پہنور کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ تیسری کارروائی میں بھی ایس ایچ او تھانہ قنبر سٹی بمع اسٹاف کی خفیہ اطلاع پر کارروائی میں تھانہ قنبر سٹی کے چوری کیس مِیں مطلوب ملزم ذیشان علی گجر کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ چوتھی کارروائی میں بھی ایس ایچ او تھانہ قنبر سٹی معہ اسٹاف نے تھانہ قنبر سٹی کے منشیات کیس میں روپوش ملزم سکندر علی ایری گولو کو گرفتار کرلیا ہے۔
