English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

طوفانی بارشوں سے آسٹریا میں تباہی، ٹریفک اور ٹرین سروس معطل

دنیا بھر میں موسموں کا پیٹرن تیزی سے اور خطرناک حد تک تبدیل ہو رہا ہے۔ کہیں بہت زیادہ گرمی پڑ رہی ہے تو کہیں بہت زیادہ بارشیں ہو رہی ہیں۔ جن ملکوں میں بارشیں ہوتی ہی ہیں وہ بھی پریشان ہیں کہ بہت زیادہ بارشیں معیشت کو تہس نہس کر رہی ہیں۔ اِسی طور گرم خطے اس قدر گرم ہو رہے ہیں کہ لوگوں کے لیے ڈھنگ سے جینا دشوار ہوتا جارہا ہے۔

یورپ کے ملک آسٹریا میں موسلا دھار، طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ہے۔ بارشوں سے ہونے والی تباہی اس قدر ہے کہ شہروں میں ٹریفک کے لیے بھی مسائل کھڑے ہوئے ہیں اور ٹرین سروس بھی روکنا پڑی ہے۔

آسٹریا کے حکام نے بتایا ہے کہ دارالحکومت ویانا کے بہت سے علاقوں میں پانی کھڑا ہے اور لوگوں کے لیے نقل و حرکت ناممکن سی ہوتی جارہی ہے۔ طوفانی بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ کئی شہروں اور قصبوں میں مکانات اور دیگر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ لوگوں کو چونکہ اندازہ ہی نہ تھا کہ ایسی طوفانی بارشیں اُن کے ہاں بھی ہوسکتی ہیں اس لیے حفاظتی انتظامات بہت نچلی سطح پر تھے۔ طوفانی بارشوں کے باعث لاکھوں افراد کے گھر سے نکلنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔ حکومت انہیں خوراک اور دیگر ضروری اشیا فراہم کرنے کے انتظامات میں مصروف ہے۔

ویانا کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ویانا سمیت کئی شہروں میں ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے۔ بہت سے مقامات پر ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ حکومت نے احتیاطی تدبیر کے طور پر ٹرینیں روکی ہیں تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے