اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بلوچستان میں موجود ناراض بلوچ باشندوں کو پیغام ہے کہ ماں سے کوئی ناراضی نہیں ہوتی، آپ کے کوئی مطالبات ہیں تو بات کریں، ناراضی کے نام پر دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
اسلام آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جذباتیت اور معصومیت میں ہمیں ٹریپ نہیں ہونا چاہیے، نوجوان علم حاصل کریں اور سیکھنے کا عمل کبھی موقوف نہ کریں ،پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، قائد اعظم بھی طلبہ سے بہت قریب تھے، یوتھ ہمارے معمار ہیں جو ہمارے مستقبل کی تشکیل کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم افہام و تفہیم، احترام کے پل بنائیں اور نفرت کو مسترد کردیں، اتحاد میں طاقت اور طاقت میں ہمارا مسقبل ہے ،کسی بھی خوشحال قومی کی بنیاد نظام تعلیم ہے، ہماری حکومت معاری تعلیم دینے کے لیے پر عزم ہیں، تعلیم تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا نام ہے، تعلیم میری ہمیشہ سے سب سے پہلی ترجیح رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بچے ملک کا مستقبل ہیں، میں کہتا ہوں کہ دستیاب تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور سیکھنا کبھی نہ بند کریں، یہ تو حدیث میں بھی ہے کہ علم حاصل کرو چاہے اس کے لیے چین کیوں نا جانا پڑے، تعلیم دنیا کو بدلنے کے لیے سب سے طاقتور ہتھیار ہے، جن قوموں نے ترقی کی ان کے نوجوانوں کی کانٹریبیوشن ہے اس میں، ہمیں ایک قوم کے طور پر پاکستان کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔
اسحق ڈار نے کہا کہ خیال اور کوشش ہی ایک واضح فرق پیدا کرسکتی ہیں، ہماری حکومت اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کرنے کے لیے تیار ہے، ہم نے لیپ ٹاپس دیے، قیادت اقتدار کے عہدے لینے کا نام نہیں بلکہ ذمہ داری لینے، فعال ہونے اور اپنی برادری کی خدمت کرنے کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے دن آرمی چیف کا فون آگیا کہ ہم شکر گزار ہیں، ہمیں لگ رہا تھا آپ 7 سے 10 سال کا وقت لیں گے تو میں نے کہا کہ یہ کام ترجیح ہے، یہ کام کرنا ہی ہے، آج ہم صرف ایٹمی نہیں بلکہ میزائلی طاقت بھی ہیں اور دنیا اس سے گھبراتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں توقع رکھتا ہوں کہ ااپ ایسے جوہر پیدا کریں گے کہ آپ دوسروں کے لیے مثال کریں گے اور قوم کی بہتری کے لیے کام کریں گے، ایک خصوصی سرمایہ کاری کونسل کی تشکیل دی گئی ہے اس کے ذریعے ہمارے ویژن کا ایک اہم پہلو نوجوانوں کو با اختیار بنانا بھی ہے، پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہمارا نوجوان ہے، یہ ہمارا سرمایہ ہیں، ایس آئی ایف سی نوجوانوں کو مختلف مواقعوں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
