ملائیشیا کے دارالحکومت کوالا لمپور میں ایک بھارتی سیاح سڑک دھنسنے کے باعث پڑنے والے گڑھے میں جا گری۔ ریسکیو ورکرز کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹے کی کھدائی کے بعد بھی خاتون کا پتا نہیں چل سکا ہے۔ ڈینگ وانگی نامی علاقے میں سڑک دھنسنے سے 26 فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ بارش کے پانی کے باعث سڑک کے کنارے کا حصہ نرم ہوتے ہتے کھوکھلا ہوچکا تھا۔ یہ حصہ اچانک دھنسا اور خاتون گڑھے میں جا گری۔ 48 سالہ خاتون جس جگہ حادثے کا شکار ہوئی وہاں زیرِ زمین پانی چل رہا تھا۔ اس پانی کی وجہ سے سڑک کا یہ حصہ کئی دن پہلے نرم ہوچکا تھا۔ ہیوی ٹریفک کے گزرنے سے یہ جگہ مزید کمزور پڑگئی اور گزشتہ روز اچانک دھنس گئی۔
کوالا لمپور کے پولیس چیف رُسدی محمد عیسیٰ کا کہنا ہے کہ جس جگہ بھارتی سیاح گری وہاں پانی بہت تیزی سے بہہ رہا تھا اور ہوسکتا ہے کہ پانی اُسے بہا لے گیا ہو۔ سٹی پولیس نے خاتون کے بارے میں پورے یقین سے کوئی حتمی بات کہنے سے گریز کیا ہے۔ یہی بتایا گیا ہے کہ امدادی کارروائی جاری ہے اور خاتون کا پتا لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

