English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی:مذہبی جماعت کی ریلی پر فائرنگ ،2 افراد جاں بحق ،8 زخمی،7 گاڑیاں نذر آتش

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گولیمار میں 2 مذہبی گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گولیمار میں 2 مذہبی جماعتیں آمنے سامنے آگئیں اور ایک دوسرے پر فائرنگ اور پتھرائو کردیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد علاقہ میدان جنگ بن گیا اور مشتعل افراد نے ایک بس ، ایک شہزور ، ایک رکشتہ اور ایک ہائی روف کو نذر
آتش کردیا جبکہ 3 موٹر سائیکلوں کو بھی جلادیا گیا۔ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ ایک مذہبی جماعت کی ریلی پر مشتعل افراد نے پتھرائو کیا جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد شیری اور محمد جنید جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ سے8 افراد زخمی بھی ہوئے۔ کشیدگی کے بعد سندھ رینجرز اور پولیس کے افسران جائے وقوع پہنچے اور دونوں مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سے کامیاب مذاکرات کے بعد کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کی جبکہ لفٹر کی مدد سے نذر آتش ہونے والے گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کشیدگی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ اور ایس ایس پی سینٹرل سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ 2 مذہبی جماعتوں کے درمیان مسلح تصادم کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی جس کے بعد علاقے کی دکانیں بند کردی گئیں اور ٹریفک کی روانی کو معطل کردیا گیا۔دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے پولیس حکام سے گولیمار واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے جلاؤ گھیراؤ اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔وزیرداخلہ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ پولیس فوری طور پر امن وامان کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کرے اور واقعے میں جو بھی ملوث ہے اسے فوری گرفتار کیا جائے۔ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے اور امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے