میرپورخاص (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ سندھ کے فوکل پرسن میر طارق تالپور کا کہنا ہے کہ سیلاب سے بچنے کے لیے قدرتی ندی نالوں کی بحالی ضروری ہے، میرپورخاص کے دونوں ٹاؤنز کے چیئرمینوں کی صفر کارکردکی کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو آگاہ کروں گا۔ یوسی 22 چیئرمینوں اور 2 ٹائون چیئرمینوں کے حصے کا کام بھی میئر کررہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے فوکل پرسن برائے بارش و صوبائی وزیر میر طارق تالپور کی زیر صدارت بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خاص جنید بلند، کمشنر فیصل احمد عقیلی، ڈی آئی جی جاوید سونہارو جسکانی، ڈی سی ڈاکٹر رشید احمد مسعود، میئر عبدالرؤف غوری سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی سی نے بتایا کہ اب تک پورے ضلع میں 450ملی میٹر بارش ہوچکی ہے اگر حالات مزید خراب ہوئے تو ضلع میں 60 ریلیف کیمپ لگائے جائیں گے جن میں 16 ہزار افراد کے رہنے کی گنجائش ہوگی۔ اس موقع پر فوکل پرسن نے نارا کینال ایریا واٹر بورڈ کے حکام کو ہدایت کی کہ نارا کینال میں پانی کی پیمائش کم کی جائے ایل بی او ڈی حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ جہاں ڈیم کمزور ہیں، انہیں مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔