سرگودھا: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ملٹری ٹرائل نہیں ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق 9 مئی واقعات کے سلسلے میں سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں کے فوجی ٹرائل ہو رہے ہیں، وہ سیاسی قیدی ہیں، اور عمران خان کے ملٹری ٹرائل کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
عمر ایوب کا یہ بیان وزیر دفاع خواجہ آصف کے اس حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں خواجہ آصف نے کہا تھا کہ اگر عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہوتا ہے تو وہ عوام کے سامنے ہوگا اور فوج کو اس کے لیے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے اختر مینگل کے قومی اسمبلی سے استعفیٰ کے سوال پر کہا کہ انہوں نے اختر مینگل سے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی ہے کیونکہ بلوچستان کی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔
عمر ایوب نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکامی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر 9 مئی کے واقعات کے ثبوت ہیں تو انہیں سامنے لایا جائے، اور چینی اور گندم اسکینڈل میں محسن نقوی کی ملوثیت پر بھی سوال اٹھایا۔
