اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی حکومت کو بڑا دھچکا لگ گیا اور ان کی اتحادی جماعت نیو ڈیمو کریٹک پارٹی نے راہیں جدا کرلیں۔ نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما جگمیت سنگھ نے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو مقابلہ کرنے کی قابلیت نہیں رکھتے اس لیے انہیں حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2025ء کے انتخابات سے قبل ہونے والے پولز سے ظاہر ہو رہا ہے کہ کنزرویٹوز باآسانی الیکشن جیت جائیں گے۔ جگمیت سنگھ کا کہنا تھا کہ لبرلز لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بہت کمزور ہوچکے ہیں کیونکہ وہ بہت ہی خود غرض اور کارپوریٹ مفادات کے محافظ بن گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 2022ء میں جسٹن ٹروڈو کی حمایت اس شرط پر کی تھی کہ وہ سماجی بہبود کے کاموں پر اخراجات میں اضافہ کریں گے ۔
