سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن سکھر کی جانب سے یوم دفاع کے موقع پر واکنگ ٹریک پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم راجہ دھاریجو، لیفٹیننٹ کمانڈر نیوی فائق شاہ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیر علی مہیسر، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین، سماجی، سیاسی تنظیموں، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی۔ پرچم کشائی سے قبل ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایم راجا دھاریجو نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا، جس کے بعد 8.30 پر 300 فٹ بلند قومی پرچم لہرایا گیا اور پولیس کے نوجوانوں نے سلامی پیش کی، پرچم کشائی تقریب کے بعد افواج پاکستان کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور پاک فوج سے یکجہتی کیلیے واکنگ ٹریک سے گلوب چوک تک ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء یوم دفاع کا دن پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا ہے، افواج پاکستان کے نوجوانوں نے قربانی دیکر پاکستان کی بقا کی جنگ لڑی، ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر نے کہا کہ جنگ کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پڑوسی ملک کی فوج نے سرحدوں پر حملہ کر کے سرپرائز دینے کی کوشش کی، جس کو ہماری افواج نے بہادری کے ساتھ ناکام بنایا۔ ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی، ایئر فورس، نیوی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نوجوانوں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے ہماری قوم کی حفاظت کیلیے دن رات جنگ کے میدان میں ہوتے ہیں، میئر سکھر نے کہا کہ پاکستان کی قوم اور پاکستان کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ہمیں اپنی افواج اور اپنے نوجوانوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہی قومیں آگے جاتی ہیں، جن کے ادارے مضبوط ہوتے ہیں، اس لیے ہم سب پر فرض بنتا ہے کہ ہم اپنے اداروں کو مضبوط کریں، انہوں نے کہا کہ آج ہم سب یہاں جمع ہوکر اپنی افواج کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دے رہے ہیں۔ میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ ہمیں اپنے پاک فوج پر فخر ہے اور 6 ستمبر کا دن پوری قوم کے لیے فخر کا دن ہے جس پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
