امریکا کے ٹیک ارب پتی اور ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ نومبر میں ڈونلڈ ٹرمپ اگر ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس سے ہار گئے تو یہ امریکا کی تاریخ کے آخری حقیقی صدارتی انتخابات ہوں گے۔ ملک عجیب دو راہے پر کھڑا ہے۔
ایک انٹرویو میں ایلون مسک نے کہا کہ ڈیموکریٹس چاہتے ہیں کہ ملک میں موجود ڈیڑھ کروڑ غیر قانونی تارکینِ وطن کو لیگلائز کرلیا جائے اور یہی نہیں بلکہ وہ مزید لاکھوں تارکینِ وطن کو امریکا لانا چاہتے ہیں۔
ایلون مسک نے الزام لگایا کہ ڈٰیموکریٹک پارٹی ملک کی سلامتی اور سالمیت دونوں کو داؤ پر لگانا چاہتی ہے۔ ڈیموکریٹس چاہتے ہیں کہ امریکا میں ایک پارٹی کی حکومت قائم کردی جائے اور کوئی اُسے گرانے والا نہ ہو۔ سوئنگ اسٹیٹس کے ووٹرز پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اُنہیں ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔
امریکی ارب پتی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ملک کو بچانے نکلے ہیں۔ اُنہیں ووٹ دینا امریکا کو بچانا ہے۔ ڈیموکریٹس چاہتے ہیں کہ ملک شدید بدامنی اور عدم استحکام کا شکار ہو۔ غیر قانونی تارکینِ وطن کو قانونی حیثیت دے کر وہ ملک کے حالات خراب کرنے کے درپے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ایلون مسک نے کہا کہ امریکا بھر میں معاشرتی تفریق و تقسیم صاف دکھائی دے رہی ہے۔ ڈیموکریٹس اس تقسیم کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ غیر قانونی تارکینِ وطن کے ہاتھوں ملک کو بہت سے خطرات لاحق ہیں۔ اُن کی آمد سے معاشرتی بگاڑ پیدا ہوا ہے۔ اس بگاڑ کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے ڈیموکریٹس کو روکنا ہوگا۔

