مٹھی (پ ر) ریجنل ڈائریکٹر محتسب تھرپارکر جام فرہاد بیگ ایس ڈہر نے کہا ہے کہ صوبائی محتسب کا ادارہ صوبائی محکموں اور سوک اداروں میں بدانتظامی کے خلاف عوام کو سستا انصاف مہیا کرنے کے لیے کام کرتا ہے جبکہ لوگوں میں شعور نہ ہونے کی وجہ سے وہ محتسب کے دفتر نہیں آتے جس کی وجہ سے ان کے مسائل بروقت حل نہیں ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے صادق فقیر گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ محتسب کے ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور لوگوں کی شکایات کو موثر طریقے سے نمٹانے کے لیے کچھ ماہ میں کمپلینٹ مینجمنٹ نظام متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت آن لائن شکایات درج کرانے کے بعد شکایات کا اسٹیٹس بھی معلوم کیاجاسکے گا تاکہ معلوم ہو کہ ان شکایات پر کس حد تک عمل ہوا ہے؟ کیونکہ اس وقت صوبائی محتسب کی ویب سائٹ پر جو شکایات درج کروائی جاتی ہیں ان کا اسٹیٹس معلوم نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی محتسب اعلیٰ آفس کی جانب سے موبائل ایپلیکشن پر کام جاری ہے، 2 ماہ میں ایپلیکشن کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد لوگ اپنی شکایات بذریعہ موبائل آن لائن درج کراسکیں گے۔
