واشنگٹن: عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار ٹیلر سُوئفٹ نے امریکی صدر کے منصب کی ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کرکے بہت سوں کو ناراض کردیا ہے۔ ٹیلر سُوئفٹ نے کہا ہے کہ وہ 5 نومبر کو امریکا کے صدارتی انتخاب میں کملا ہیرس کو ووٹ دینا پسند کرے گی۔ اُس کا کہنا ہے کہ کملا ہیرس ایک معیاری لیڈر ہیں جو امریکا کی بہبود کے لیے کام کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
ٹیلر سُوئفٹ کے اس بیان پر ایک طرف تو ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ شدید ناراضی ظاہر کر رہے ہیں اور دوسری طرف ارب پتی ٹیکنالوجی آجر ایلون مسک بھی تپے ہوئے ہیں۔ دونوں کی طرف سے ٹیلر سُوئفٹ کو شدید ردِعمل کا سامنا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ٹیلر سُوئفٹ کا ذہن لبرل ہے۔ اُس نے ہمیشہ ڈیموکریٹس کی حمایت کی ہے۔ اس کی قیمت اُسے مارکیٹ پلیس میں ادا کرنا پڑے گی۔
ایلون مسک کہتے ہیں کہ ٹیلر سُوئفٹ کا کملا ہیرس کی طرف جھکاؤ بے معنی ہے۔ اچھا ہے کہ وہ اپنی بلیاں سنبھالے۔ ایلون مسک نے ٹیلر سُوئفٹ کے بارے میں نازیبا ریمارکس دیے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ بلیوں سے دل بہلانے والی ٹیلر سُوئفٹ کو اولاد چاہیے تو میں دوں گا اور زندگی بھر اُس کی بلیوں کی حفاظت بھی کروں گا۔

