بیروت: لبنان میں پیجرز دھماکوں کے بعد اب واکی ٹاکی (ریڈیو) ڈیوائسز میں بھی دھماکے شروع ہو گئے ہیں، جن کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 450 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز لبنان کے مختلف علاقوں میں واکی ٹاکی یا ریڈیو ڈیوائسز میں دھماکے ہوئے۔ یہ دھماکے بازاروں، گھروں اور جنازوں کے دوران بھی ہوئے، جس سے مزید افراد زخمی ہوئے اور اسپتالوں میں لوگوں کا رش بڑھ گیا۔
مقامی سکیورٹی ذرائع اور رپورٹس کے مطابق دھماکوں کے پیچھے اسرائیلی ایجنسی موساد کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں تاہم اسرائیلی حکام نے اس معاملے پر ابھی تک کوئی رسمی بیان نہیں دیا ہے۔
یہ دھماکے لبنان میں پہلے سے جاری کشیدگی اور عدم استحکام کے تناظر میں ہوئے ہیں اور ان کے نتیجے میں اسپتالوں میں زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور مزید معلومات کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔

