English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ہائے رے نریندر مودی کی ’’انسانیت نوازی‘‘

بھارت کے وزیرِاعظم نریندر مودی نے امریکا میں چار ملکی اتحاد کے سربراہ اجلاس میں کہا ہے کہ آج کی دنیا طرح طرح کے مناقشوں سے اَٹی پڑی ہے۔ ایسے میں امن کا قیام انتہائی دشوار عمل ہوکر رہ گیا ہے۔ لازم ہے کہ تمام بڑی قوتیں ملک کر دنیا کو ڈھنگ سے چلانے کے بارے میں معقول ترین فیصلے کریں۔

امریکا کے شہر ڈیلاویئر میں امریکا، بھارت، آسٹریلیا اور جاپان پر مشتمل اتحاد ’’کواڈ‘‘ کے سربراہ اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ انسانیت کی بقا کے لیے ’’کواڈ‘‘ لازم ہے۔ یہ اتحاد بحرِ ہند اور بحرالکاہل کے خطے میں حقیقی امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔

مودی کا کہنا تھا کہ چین اِن دونوں خطوں کے لیے تیزی سے پنپتا ہوا خطرہ ہے۔ اس خطرے سے نپٹنے کے لیے بھرپور نوعیت کے سیاسی، معاشی اور اسٹریٹجک اتحاد کی ضرورت ہے۔ یہ اتحاد ہی چین کو روک سکتا ہے۔ بھارتی وزیرِاعظم نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ بھارت کے سیاسی، معاشی اور اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے ’’کواڈ‘‘ ایک نعمت سے کم نہیں۔

واضح رہے کہ ’’کواڈ‘‘ کا بنیادی مقصد چین کی بڑھتی ہوئی معاشی اور عسکری قوت کے سامنے بند باندھنا ہے اور اُسے جنوب مشرقی ایشیا اور بحیرہ جنوبی چین کے خطے میں حقیقی بالا دستی یقینی بنانے سے روکنا ہے۔

’’کواڈ‘‘ کی ضرورت جاپان اور آسٹریلیا سے زیادہ بھارت کو ہے کیونکہ چین ہر معاملے میں اُس کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔ معاشی معاملات میں بھی چین نے بھارت کو پچھاڑ رکھا ہے اور ٹیکنالوجی کے محاذ پر بھی بھارت اس پوزیشن میں نہیں کہ چین کو منہ دے سکے۔

بھارتی قیادت نے امریکا کے ساتھ مل کر چین کے خلاف دیوار کھڑی کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ جاپان سے بھارت کے تعلقات زیادہ مستحکم نہیں اور جاپانی قیادت بھارتی مفادات کے لیے چین کو ناراض کرنے کے موڈ میں نہیں۔ جاپان اپنی علاقائی ضروریات کو دیکھتے ہوئے پالیسیاں مرتب کرتا ہے۔

’’کواڈ‘‘ کی شکل میں بھارت کو ایک ایسا پلیٹ فارم ملا ہے جس کے ذریعے وہ چین کے حوالے سے ایک خاص حد تک بے فکر ہوسکتا ہے مگر ایک بڑا مسئلہ اب یہ بھی ہے کہ روس نے چین کی طرف غیر معمولی حد تک جھکنا شروع کردیا ہے۔ روسی قیات بھی اپنے آپ کو منوانے کی راہ پر گامزن ہے۔ وہ چاہتی ہے کہ وسطِ ایشیا سے جنوبی و جنوب مشرقی ایشیا تک اُس کی پوزیشن تسلیم کی جائے۔

بھارتی وزیرِاعظم اپنے قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کے عمل کو انسانیت کی بقا کا معاملہ قرار دے کر اپنا دل بہلا رہے ہیں۔ ’’کواڈ‘‘ کا پوری دنیا میں انسانیت کی بقا سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ اتحاد بھارتی مفادات کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر حیثیت رکھتا ہے۔ نریندر مودی کے منہ سے انسانیت کی بات بہت عجیب لگتی ہے کیونکہ بھارت کے طول و عرض میں اقلیتوں سے انتہائی امتیازی نوعیت کا سلوک روا رکھا جارہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے