جس کے پرستار بہت ہوں وہ سیلیبرٹی۔ لوگ جس کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب ہوں وہ مقبولیت کی بلندیوں کو چھونے لگتا ہے۔ یہ سب کچھ شوبز کی شخصیات اور کھلاڑیوں کے حوالے سے عام بات ہے۔
تھائی لینڈ کے چڑیا گھر میں ایک دریائی گھوڑے (ہیپو پوٹیمس) نے انٹری دی ہے۔ اس کا نام ہے مُو ڈینگ ۔ دو ماہ کا مُو ڈینگ دیکھتے ہی دیکھتے سیلیبرٹی میں تبدیل ہوگیا ہے۔ لوگ اُسے دیکھنے کے لیے جوق در جوق آرہے ہیں۔ اُس کے پرستار اُس کے کھانے پینے کی چیزیں لاتے ہیں، اُس کے ساتھ سیلفی بنواتے ہیں اور اُس کی وڈیوز بناکر وائرل کرتے ہیں۔
تھائی لینڈ کے سوشل میڈیا سرکل میں مُو ڈینگ ایک بھرپور سیلیبرٹی کی حیثیت سے ابھرا ہے۔ وہ اپنی دلچسپ حرکتوں سے لوگوں کو محظوظ کرتا ہے۔ کیا بچے اور کیا بڑے، سبھی اُس کے دیوانے ہیں ۔ مُو ڈینگ اپنی ماں کے ساتھ چہل قدمی کرتا ہے تو اُس کی شان قابلِ دید ہوتی ہے۔
مُو ڈینگ کو دیکھنے اور اُس سے ملنے کے لیے آنے والوں کی تعداد چونکہ بڑھتی جارہی ہے اس لیے چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اُس سے ملنے کا وقت محدود کردیا ہے۔ لوگوں کو پہلے سے اپائنٹمنٹ لینا پڑتی ہے۔ بچوں میں وہ زیادہ مقبول ہے۔ بچے اُس کے ساتھ کھڑے ہوکر وڈیوز بنوانے میں گہری دلچسپی لیتے ہیں ۔

