English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جولوگ آرہے ہیں انکے پاس اسلحہ ہے، پی ٹی آئی کو ایسے احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی : وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن پی ٹی آئی کے کارکن اسلحے کے ساتھ حملہ آور ہونے آ رہے ہیں، پی ٹی آئی کو ایسے احتجاج کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈی چوک اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کسی کو بھی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، کل بھی ہم نے درخواست کی تھی کہ ابھی جلسے جلوس یا احتجاج نا کریں، اسلام آباد کے شہریوں سے تکلیف پر معذرت خواہ ہیں۔ امید کرتا ہوں پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لےگی، علی امین گنڈاپور کو سوچنا چاہیےکہ وہ کیا کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے کسی نہ کسی سطح پر رابطہ ہے، انہیں امید ہے کہ علی امین گنڈاپور بطور پاکستانی سوچیں گے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا ہماری جتنی بھی فورس ہے ان میں کسی کے پاس گن نہیں ہے، ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھ سکتے ہیں کہ جو لوگ آرہے ہیں ان کے پاس اسلحہ ہے، جب سڑکیں بند ہوں، کنٹینر لگے ہوِں اور لوگ پریشان ہوں تو لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ یہ حکومت کو کیوں اور کن لوگوں کی وجہ سے کرنا پڑرہا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ کے پی پاکستانی ہیں ان کے پاس پورا کے پی صوبہ ہے جہاں مرضی ہو اس شہر میں احتجاج کر لیں، احتجاج کرنا ان کا حق ہے لیکن یہ طریقہ کار ٹھیک نہیں ہے۔ سوائے ایس پی کے ہمارے کسی پولیس اہلکار کے پاس بندوق نہیں ہے، ہماری ایس او پی ہے، اگر فائرنگ ہوئی تو پتا چل جائے گا کہاں سے ہوئی، ویڈیوز میں بھی نظر آجائے گا۔

ان کا کہنا تھا میں بالکل کلیئر ہوں کہ وہ اسلام آباد پر دھاوا بول رہے ہیں، ہم نے اپنے غیرملکی مہمانوں کی حفاظت کے لیے انتظامات کیے ہیں، باہر سے آئے مہمانوں کی سکیورٹی اہم ہے، باہر سے آئے مہمانوں کی سکیورٹی کے لیے کچھ ایکسٹرا اقدامات کرنے پڑے۔ ساری صورتحال سب کے سامنے ہے جو لوگ احتجاج کا سوچ رہے ہیں وہ اپنےاقدام پر غور کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے