مقبوضہ بیت المقدس:صہیونی ریاست اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 902 خاندان ختم ہو گئے جب کہ سیکڑوں خاندانوں کا صرف ایک ہی فرد زندہ بچ سکا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق قابض اسرائیلی فوج کے فلسطین کی محصور پٹی غزہ پر حملوں اور مسلسل بمباری سے 902 خاندانوں کا ایک بھی شخص زندہ نہ رہ سکا جب کہ 364 خاندانوں کا صرف ایک ہی شخص زندہ بچا ہے۔
ایک سال سے زیادہ عرصہ سے جاری اسرائیلی دہشت گردی نے فلسطینیوں پر قیامت برپا کردی ہے اور خاندان کے خاندان اجاڑ کر رکھ دیے ہیں جب کہ غزہ کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے۔
تازہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 902 خاندان ایسے ہیں جن کا کوئی ایک بھی وارث دنیا میں زندہ نہیں بچا جب کہ 364 خاندانوں کا صرف ایک ہی شخص زندہ بچ سکا۔ اس کے علاوہ اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں 3472 خاندان ایسے ہیں جن کے صرف 2 افراد کے سوا پورا خاندان ختم ہوگیا۔
ایک سال جاری جنگ میں غزہ کے 17 ہزار سے زیادہ بچے والدین میں سے کسی ایک یا دونوں کو کھو چکے ہیں۔ مجموعی طور پر اب تک 42 ہزار 126 افراد شہید جب کہ 98 ہزار 117 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

