مقبوضہ بیت المقدس:اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک حملے میں حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار شہید ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق صہیونی حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ایک حملے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار شہید ہو گئے ہیں۔
ملکی و غیر ملکی میڈیا پر شائع ہونے والی خبروں اسرائیلی ریڈیو کے حوالے سے خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ یحییٰ سنوار اسرائیلی حملے میں جام شہادت نوش کر چکے ہیں، اس سے قبل ابتدائی خبروں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے یحییٰ سنوار کی شہادت کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس امکان کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جس میں غزہ کی پٹی میں ایک حملے کے بعد یحییٰ سنوار کو شہید کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق کارروائی میں 3 عسکریت پسندوں (حماس مجاہدین) کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر نشانہ بنائے گئے تینوں افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تھی، تاہم بعد میں عالمی میڈیا میں اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان میں سے ایک حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یحییٰ سنوار کو ایرانی دارالحکومت تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد حماس کا سربراہ بنایا گیا تھا۔

