حماس کے سربراہ یحیٰ سنوار کی شہادت کی خبر گرم ہے۔ اس حوالے سے حزب اللہ اور ایران دونوں کی طرف سے شدید ردِعمل متوقع ہے۔ ایسے میں امریکا نے اسرائیل کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے تھاڈ میزائل ڈیفینس سسٹم اسرائیلی سرزمین پر پہنچادیے ہیں۔
جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہو رہی ہے۔ کئی علاقوں میں اسرائیلی فوجیوں کو گھیرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ حزب اللہ کے ارکان بھرپور مزاحمت کر رہے ہیں۔ صورتِ حال انتہائی نازک ہے۔ ہزاروں افراد علاقے سے نکل چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے بھی وردانیہ سے لوگوں کو نکل جانے کا انتباہ کیا تھا۔
گزشتہ روز جب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے بعض علاقوں میں پیش قدمی کی کوشش کی تو شدید مزاحمت ہوئی اور کئی اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔ ان زخمی فوجیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کرنے کے لیے فضائیہ کو بھرپور کردار ادا کرنا پڑا۔ ایئر کور دیے جانے پر فوجیوں کو نکالنا ممکن ہوسکا۔ تھرمل بٹالین کو بھی متحرک کیا گیا۔
ایک طرف یہ خبر گرم ہے کہ اسرائیل کسی بھی وقت ایران پر حملہ کرسکتا ہے۔ دوسری طرف یہ حقیقت بھی واضح رہے کہ اگر یحیٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق ہوگئی تو ایران کی طرف سے بھی اسرائیل پر حملہ ہوسکتا ہے۔ اسرائیل کا میزائل ڈیفنیس سسٹم آئرن ڈوم اگرچہ موثر ہے تاہم بہت بڑے حملے کی صورت میں اس کی صلاحیت جواب دے سکتی ہے۔ ایسے میں امریکا نے آگے بڑھ کر اسرائیل کا دفاع مضبوط اور سلامتی یقینی بنانے پر بھرپور توجہ دی ہے۔

