فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر ملک بھرکی طرح فیصل آباد میں بھی آج نمازجمعہ کے بعدشہرکے مختلف علاقوں میں بھی ممبرسازی کیمپ لگائے جائیں گے جہاں شہریوں کو جماعت اسلامی کاممبربنایاجائے گا۔کیمپ ہفتہ اوراتوارکو بھی جاری رہیں گے۔ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماں بٹ شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پاکستان سے ظلم وجبر اور ناانصافی کے نظام کے خاتمہ کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ جماعت اسلامی نے ممبر شپ مہم کا آغاز اس مقصد کیلئے کیا ہے کہ عوام کونچلی سطح تک متحرک کیا جائے اور اس کرپٹ نظام اور اس کے پہرے داروں سے نجات حاصل کی جائے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس پاکستانی کیلئے کھلے ہیں جو عوام کے حقوق اور ملک میں اسلامی نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کرنا چاہتا ہے۔ جماعت اسلامی اس وقت پورے ملک کی نمائندگی کر رہی ہے، کوئی دوسری جماعت عوام کے مسائل آواز نہیں اٹھا رہی، جماعت اسلامی کی عوامی پذیرائی بڑھ رہی ہے، ان شاء اللہ آنے والے وقت میں جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہو گی۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پاس منظم تنظیم اور مخلص ٹیم موجود ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔جماعت اسلامی نے پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذکی جدوجہداور اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ایک طویل تاریخ رقم کی ہے۔جماعت اسلامی کے سیکڑوں کارکن اقتدار کے ایوانوں میں رہے مگر کسی کے دامن پر بددیانتی ،کرپشن اور اقربا پروری کا کوئی داغ نہیں۔
