حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایپکا سندھ امن گروپ کے صوبائی صدر انور میمن اور دیگر نے بورڈ آف ریونیو حیدرآباد سیکرٹریٹ کے ملازمین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو جیسے اہم ادارے کے اندر اسپیشل سیکرٹری کی سیٹ گزشتہ ایک ماہ سے خالی رہنے سے بورڈ آف ریونیو کے تمام سرکاری اُمور ٹھپ ہو کررہ گئے۔ بورڈ آف ریونیو کے ملازمین کے گریڈ ایک سے لے کر 17کے پروموشن بند ہیں، ریونیو چھوٹے گریڈ ایک کے تعلیم یافتہ ملازمین کو گریڈ 11 میں جونیئر کلرک کرنے کا عمل پہلے ہی 8 سال سے تعطل کا شکار ہے، اب تعلیم یافتہ لوئر گریڈ ملازمین کی سینارٹی لسٹ فوری نمایاں کی جائے تاکہ 8 سال سے ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی ختم ہو، بورڈ آف ریونیوکا کچھ روز قبل پہلے ایک فیک سوشل میڈیا پر آسامیوں کا اشتہار گردش کرنے کا مقصد ملازمین کو ترقیوں سے محروم رکھنے کی سازش تھی۔ بورڈ آف ریونیو کے ملازمین کے پروموشن کے عمل میں زیادتی بند کرنے کے لیے سندھ حکومت آن لائن پروموشن سسٹم مترادف کرائے تاکہ کسی بھی ملازم کی حق تلفی نہ ہو، اس وقت بورڈ آف ریونیو ملازمین کی ترقیاں دیگر محکموں کے مقابلے میں سب سے زیادہ متاثر ہیں، سندھ حکومت کے پاس ریونیو قابل افسران کی ایک تحویل لسٹ موجود ہونے کے باوجود سیکرٹری ریونیو کی پوسٹ پر ایک ماہ سے تعیناتی نہ کرنا افسوس کا مقام ہے۔ انہوں نے آخر میں وزیر اعلیٰ، صوبائی وزیر ریونیو اور چیف سیکرٹری سندھ سے مطالبہ کیا کہ بورڈ آف ریونیو اور دیگر سرکاری اُمور چلانے کے لیے سیکرٹری بورڈ آف ریونیو کی تقرری فوری کی جائے، ریونیو ملازمین کے ریونیو الائونس کی سمری منظور کرتے ہوئے چھوٹے ملازمین کا وردی الائونس بنیادی تنخواہ میں ضم کی جائے۔
