لاہور: پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہاہے کہ جن لوگوں نے پارٹی سے غداری کی ہے ان کا مستقبل وہی ہوگا جو ایک غدار کا ہونا چاہیئے، ایسے لوگوں کو اسمبلی سے بھی ہٹائیں گے اور پارٹی سے بھی فارغ کریں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راج نے کہا کہ 6 ججز کے خط کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ آزاد ججز کو نہیں رہنے دینا اس سارے پراسس کا کل ڈراپ سین ہو گیا ہے، کل جو کچھ ہوا وہ پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں ہوا بلکہ آپ کے ساتھ ہوا آپ کے بچوں کے ساتھ ہوا،
انہوں نے کہا کہ کل پورے قوم کے ساتھ واردات ہوئی ہے، کل سے ہم محکوم ہو گئے ہیں اب ہمارے پاس دفاع کے لیے کچھ نہیں، ہمارا حق ہم سے چھینا گیا، انگریز کے دور میں ایسا وقت نہیں دیکھا، اس ترامیم کے خلاف ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آئین کی روح پر ایک جعلی اسمبلی سے حملہ کیا گیا، اب انسانی حقوق کو کنٹرول کرنے کے لیے ہائیکورٹ اور سپریم میں جج حکومت لگائے گی یہ فیصلہ ہوا ہے اور جس کمیٹی کے ذریعے یہ ججز لگائے جائیں گے ان میں اکثریت حکومت کی ہمیشہ رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں میں لڑتے رہیں گے مگر اب مدافعت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، قانون کی حکمرانی کا خواب اب بہت دور ہو گیا ہے، انہی آئینی عدالتوں کے پاس جائیں گے مگر ان آئینی عدالتوں سے اب انصاف نہیں ملے گا۔

