
سکھر (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام مشکلات و مسائل کا شکار ہیں، جماعت اسلامی سندھ کے عوام کے مسائل کے خاتمے اور حقوق کے حصول کیلیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، حکومت آئی پی پیز کیساتھ معاہدوں کے خاتمے کے نتیجے میں بچت کے ثمرات عوام تک منتقل کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کی جانب سے گلشن ہالار ہال سکھر میں اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ اور نومنتخب امیر ضلع سکھر زبیر حفیظ شیخ کی حلف برداری کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر زبیر حفیظ شیخ نے امارت ضلع کا حلف اٹھایا جبکہ سبکدوش ہونیوالے امیر ضلع و صوبائی رہنما مولانا حزب اللہ جکھرو نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں قیم ضلع حافظ امان اللہ تنیو، نائب امرائے ضلع ایڈووکیٹ سلطان احمد لاشاری، عبدالحلیم تنیو ،الخدمت فاؤنڈیشن کے رہنما خیر محمد تنیو، مامون الرشید سمیت دیگر ذمے داران، کارکنان اور عمائدین شہر موجود تھے۔ قبل ازیں خیر محمد تنیو و دیگر نے نو منتخب امیر صوبہ اور امیر ضلع کو سندھی ٹوپی اجرک کے تحائف پہنائے، امیر صوبہ سندھ کاشف سعید شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ، فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات روزگار، کی فراہمی سمیت اپنی دیگر آئینی ذمے داریوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، سندھ کے عوام مسائل کا شکار ہیں، تعلیم روزگار، صحت عامہ جیسی بنیادی سہولتوں تک سے محروم ہیں، 85 فیصد آبادی گندا آلودہ پانی پینے پر مجبور ہے بچوں کی بڑی تعداد تعلیمی نیٹ ورک سے بابر ہے، بچے ابتدائی تعلیم تک سے محروم ہیں، اسپتالوں میں طبی سہولیات میسر نہیں، دس کڑوڑ سے زائد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ سمیت ملک بھر کے عوامی مسائل و مشکلات حکمرانوں کی نا اہلی کی پیداوار ہیں، ملک و صوبوں میں اہل دیانتداری محبت وطن قیادت ہی مسائل کو حل کر سکتی ہے، جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم جاری ہے عوام جماعت اسلامی کے ساتھ جڑ جائیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمہ وقت اپنا بہترین سیاسی مذہبی کردار بھرپور طور پر ادا کیا ہے، جماعت اسلامی امت مسلمہ کا درد رکھنے والی منظم جماعت ہے جو طلبہ، مدارس عربیہ،اساتذہ وکلا تاجروں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں اقامت دین کا کام کر رہی ہے جماعت اسلامی میں شخصیت پرستی اور سیاسی موروثیت سے پاک ہے، کوئی فرد عہدے ذمے داریوں کا طلب گار نہیں ہوتا ، عہدوں کیلیے کوئی بھاگ دوڑ کوششیں نہیں کرتا، انتخابی استصواب رائے کے عمل کے ذریعے ذمے داران اپنی ذمے داریوں کا حلف اٹھاتے ہیں، جو جماعت اسلامی کا اعزاز ہے، کاشف سعید شیخ نے کہا کہ جماعت اسلامی الخدمت کے ذریعے ملک بھر میں خدمات سر انجام دے رہی ہے بارش طوفان برسات سمیت ہر قدرتی آفات میں الخدمت نے کردار ادا کیا اور خدمات انجام دی ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن کا خدمات کی انجام دہی کیلیے یتیم خانوں آغوش، کلینکس، رضاکاروں کا مربوط نیٹ ورک ہے کلینکس، آغوش کے ذریعے یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے، عوامی مسائل پر سب سے آگے بڑھ کر آواز جماعت اسلامی نے اٹھائی ہے، مہنگی بجلی آئی پی پیز کیخلاف حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں اسلام آباد دھرنا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس شاندار لٹریچر موجود ہے جو کارکنان کی تربیت سازی کرتا ہے.،جماعت اسلامی احتجاج دھرنوں کے زریعے عوامی مسائل پر آواز بلند کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری مہنگائی عام ہے، امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں اٹھانے بیروزگار پھر رہے ہیں، سندھ 71 فیصد گیس 57 فیصد تیل فراہم کرتا ہے لیکن سندھ کو محروم رکھا گیا ہے،. حقوق کے حصول کیلیے جدوجہد کرنا ہوگی ہر ایشو پر جماعت اسلامی آواز اٹھارہی ہے، جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطینیوں مظلوم کشمیریوں کے دکھ درد میں شریک ہے.، جماعت اسلامی کی جانب سے بھارتی تسلط اور مظالم کیخلاف ملک بھر میں یوم سیاہ منایاگیا ہے ملک بھر میں یوم سیاہ منایا ہے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے. انہوں نے کہا کہ جذبہ جہاد سے سرشار کشمیری ظلم و ستم کے باوجود ناجائز بھارتی تسلط کیخلاف بر سرپیکار ھیں.،ان شاء اللہ ان کی جدوجہد رنگ لائے گی اور مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ قبل ازیں ہندو اقلیتی رہنما موہن لال نے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ساتھ ہر ممکنہ تعاون کا اعلان کیا۔
