کراچی: عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ یہ حکومت مشکوک مینڈیٹ کی وجہ سے یہاں بیٹھی ہوئی ہے،2018 میں بھی مینڈیٹ چوری کیا گیا،اس وقت لاڈلہ کوئی اور تھا، پاکستان کی عوام کا فیصلہ ہونا چاہیے کہ کون حکومت میں بیٹھے گا؟
بار ایسوسی ایشن میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ انصاف کے اچھا ہونے کے حوالے سے اس آئینی ترمیم میں کوئی بات نہیں کی گئی،معیشت میں بھی اس حکومت نے کوئی ریفارمز نہیں کئے کہ کوئی بہتری ہوتی،جس طرح ٹیکس کے ریفارمز ہونے چاہیے تھے اس طرح سے وہ بھی نہیں کئے گئے۔
انہوں نے مزید کہاکہ تنخواہ دار پر بھی ٹیکس کا بوجھ ڈالا گیا اور سرمایہ داروں کو اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی، 26 ویں آئینی ترمیم سے پہلے انہوں نے کہا تھا انصاف سستا ہوجائیگا، لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا، عوام سے چھپایا گیا، چھپ کر بل پاس ہوا۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ پاکستان میں گرمی زیادہ ہوتی ہے تو بجلی چلی جاتی ہے اور سردی آتی ہے تو پھر گیس چلی جاتی ہے، کراچی جیسے شہر میں پانی بھی میسر نہیں ہے خرید خرید کر پانی پینا پڑتا ہے، اگر ہمارا ٹیکس بڑھایا گیا ہے تو پھر حکومت قربانی دیتے ہوئے کیوں نظر نہیں آتی؟

