سکھر(نمائندہ جسارت) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے محکمہ سیپکو کی جانب سے پورا پورا دن بجلی کی بندش پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ سیپکو کے نااہل افسران و اہلکار اپنی نااہلی، کرپشن کو چھپانے کیلیے جان بوجھ کر بجلی کی بندش کر کے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر رہے ہیں، پورا پورا دن بجلی کی بندش بالخصوص اتوار کے روز تو محکمہ سیپکو نے جیسے بجلی نہ دینے کی قسم کھا رکھی ہے،محکمہ سیپکو کی جانب سے صبح سورج طلوع ہونے کے ساتھ ہی پورا دن بجلی کی بندش سے جہاں عام صارفین متاثر ہو رہے ہیں وہی پر تجارتی سرگرمیوں پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، حکومت اور محکمہ سیپکو کے افسران اپنا قبلہ درست کر کے شہریوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں بصورت دیگر اس کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے رہنمائوںمولانا عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو، مفتی محمد چمن زمان قادری ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ بھاری بجلی کے بلوں کی ادائیگی اور ڈیڈکشن کے عذاب کے باوجودتاجر و شہری بجلی کی سہولیات سے محروم ہیں،پورا پورا دن بجلی کی بندش سیپکو نے معمول بنا لیا ہے، اب سیپکو کے زیادتیاں برداشت سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیپکو مظالم کی انتہا تو یہ ہے کہ پورا پورا دن بجلی بند ہونے اور بیشتر صارفین کے سولر سسٹم نصب ہونے کے باعث کم یونٹ استعمال پر محکمہ سیپکو کی جانب سے انہیں ڈیڈکشن عائد کی جا رہی ہے، جس کی درستگی کیلیے صارفین سیپکو دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے حکومت، محکمہ سیپکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سکھر میں بجلی کی طویل بندش ، ڈیڈکشن عائد کرنے کا نوٹس لیکر اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لاکر صارفین کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی جانب سے اس کیخلاف بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔
