English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کوئٹہ خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ پیش،دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے نتیجہ کن اقدامات کا فیصلہ

کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقو ی اوروزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی صوبے میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقو ی اوروزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی صوبے میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں دہشت گردوں کا سر پوری قوت سے کچلنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔اجلاس میں گزشتہ روز کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے نتیجہ کن اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بڑھائے جائیں گے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بلوچستان حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے، بلوچستان حکومت کو ترجیحی بنیاد پر ضروری وسائل کی فراہمی کا اعلان کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر فورسز کی تربیت اور استعداد بڑھانے میں تعاون کریں گے، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، شہداء کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد بڑھانے کے اقدامات کریں گے، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، پْرعزم ہیں کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے