کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) دفاعی سازو سامان کی عالمی نمائش آئیڈیاز 2024 کراچی ایکسپو سینٹر میں19نومبر سے شروع ہو رہی ہے جس میں پاکستان کے عزم “امن کے لیے ہتھیار” کو اجاگر کیا جائے گا۔ 4روزہ نمائش 22نومبر تک جاری رہے گی ،نمائش کا افتتاح وزیر اعظم میاں شہباز شریف کرینگے۔
دفاعی نمائش آئیڈیاز کے بارہویں ایڈیشن میں دنیا بھر کے نمائش کنندگان اپنی دفاعی مصنوعات اور ساز و سامان پیش کرینگے ،پہلی بار یوکرین، اٹلی اور ایران میں آٰٗئیڈیاز میں شریک ہو رہے ہیں ،38 ممالک سے 532نمائش کنندگان اور350 غیر ملکی مندوبین شرکت کرینگے جبکہ 30 عالمی مقررین دفاعی صنعتوں سے متعلق سیمینار سے خطاب کرینگے۔ نمائش میں15 بین الاقوامی پویلین بھی بنائے گئے ہیں 52ہزار ٹریڈ وزیٹر نمائش کا دورہ کریں گے۔
کراچی ایکسیو سینٹر میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO)کے تحت منعقد ہونے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز کے بارہویں ایڈیشن کی کرٹن ریزر تقریب سے ڈائریکٹر کوآریڈینیشن ڈیپو بریگیڈیئر محمد علی عادل، ڈائریکٹر میڈیا ڈیپو کموڈور اعتزاز خالد اور ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ اور سی ای او بدر ایکسپو زوہیر نصیرنے خطاب کیا۔
ڈائریکٹر کوآریڈینیشن ڈیپو بریگیڈیئر محمد علی عادل نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ چار روزہ نمائش میں دفاعی صنعتوں سے متعلق موضوعات پر بین الاقوامی سیمینار، B2B/B2G ہوں گی۔ سال 2000 سے مسلسل کامیابی کی داستان بننے والی IDEAS کا یہ سال ممکنہ طور پر شرکا کی تعداد کے لحاظ سے تمام سابقہ ایڈیشنز کو پیچھے چھوڑ دے گا۔
پاکستان پویلین میں جدید ترین ٹینک حیدراورڈرون شاہپر کی رونمائی بھی کی جائیگی جبکہ آخری روز نشان پاکستان سی ویو پر ایئرشو بھی نمائش کا حصہ ہوگا جو غیر ملکی معززین اور کراچی کے عوام کے لیے منعقد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز نمئش خطے کی سب سے بڑی دفاعی نمائشوں میں سے ایک ہے جہاں دنیا بھر کے نمائش کنندگان اپنی دفاعی مصنوعات اور سازوسامان پیش کرتے ہیں۔ جو پاکستان کے لیے ایک بہت فائدہ مند ایونٹ ہے۔ یہ نمائش نہ صرف پاکستان کی دفاعی صنعت کو عالمی سطح پر دکھانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے، بلکہ اس سے پاکستان کی اسٹریٹیجک پوزیشننگ اور دفاعی صلاحیتوں کو بھی دنیا کے سامنے لایا جاتا ہے۔ ہر دو سال بعد ہونے والی یہ نمائش پاکستان کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنے مقامی دفاعی مصنوعات کو دنیا کے سامنے پیش کر سکتا ہے اور بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ تعاون کے مواقع بھی حاصل کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئیڈیاز IDEAS 2024 کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے پاکستان کی دفاعی برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے، جو ملک کی معیشت کو مزید مستحکم کرتا ہے۔ غیر ملکی وفود اور دفاعی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ نیٹ ورکنگ اور کاروباری مواقع حاصل ہوتے ہیں، جو پاکستان کے دفاعی شعبے کو جدید بنانے اور نئے شراکت داریوں کے قیام میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ یہ نمائش نہ صرف کاروبار کو فروغ دیتی ہے، بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دفاعی مینوفیکچرنگ کو بھی تیز کرتی ہےاس طرح پاکستان کے لیے ایک اہم اقتصادی اور اسٹریٹیجک ایونٹ ہے آئیڈیاز جو نہ صرف دفاعی صنعت کو، بلکہ ملک کی مجموعی ترقی کو بھی مستحکم طور پر آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2024 ایک عالمی سطح کا پلیٹ فارم ہے جو جدید دفاعی ٹیکنالوجیز، حل اور جدید سازوسامان کو پیش کرتا ہے۔ یہ تقریب دفاعی صنعت کے رہنماؤں، ماہرین اور شائقین کے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ نیٹ ورکنگ اور تعاون کریں۔پاکستان کے اس بڑے دفاعی ایونٹ میں شامل ہوں اور دنیا بھر کے دفاعی جدتوں اور صلاحیتوں کا مشاہدہ کریں۔
ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ آئیڈیاز کے حوالے سے ٹریفک کے نظام کو جاری و ساری رکھنے کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں ،صبح سات بجے سے شام سات بجے سرسلیمان روڈ بند ہوگی۔حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم تک سڑک ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند ہوگی ۔متبادل سڑکیں تمام ریپیئر ہو چکی ہے۔متبادل سڑکوں کا پلان عوام کی آگاہی کے لئے جاری کیا جا رہا ہے۔





