اسلام آباد:وزیراعظم کی صدارت میں نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی امن و امان کی تازہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول قیادت، وفاقی وزرا سمیت وزرائے اعلیٰ اور انٹیلیجنس اداروں کے سربراہان شریک ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کی صورت حال پر غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطہ کاری کا عمل مزید بہتر بنانے اور انٹیلیجنس معلومات کی مؤثر شیئرنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں بلوچستان اور کے پی کے میں بڑھتے دہشت گردی کے واقعات کے محرکات کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا جب کہ ملکی داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ۔

