اسلام آباد:بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے رہنماؤں کومخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 24 نومبر کے احتجاج میں شرکت سے قاصر رہنے والے رہنما اور رکن اسمبلی پارٹی سے علیحدہ تصورہونگے۔
معروف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتےہوئے عمران خان نے کہا کہ 24 نومبر کا دن فیصلہ کن وقت ہے، اگر کوئی غیر حاضر رہا تو اس کے بعد سے اس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، غلام قومیں بہت جلد تباہ ہوجاتیں ہیں، عوام کو اپنی آزادی کے لیے اس دن نکلنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت مجھ سے خوفزدہ ہے، میرے بیانات نشر کرنے پر پابندی عائد ہے، جس کی وجہ سےمیڈیا ورکرز میرا پیغام پہنچانے سے قاصر ہیں، انٹرنیٹ کی سروس بھی آئے روز تعطل کا شکار ہے، جس کی وجہ سے ملک کو رواں سال 550 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھاکہ پی ٹی آئی ورکرز کی جبری گمشدگیوں، ان پر ہونے والے تشدد اور ظلم پر افسوس ہے، ایسے واقعات ہمارے سیکیورٹی اداروں کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، مذاکرات کےمعاملے پر ہمیشہ ملک کی خاطر بات چیت کے لیے تیار رہا ہوں۔

