مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بارے میں واضح اور دو ٹوک فیصلے کا وقت آ پہنچا ہے، مزید تاخیر بہت مہنگی پڑے گی۔
ایک بیان میں سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ آج یا کل فیصلہ کرنا پڑے گا کہ کیا بدامنی، لاقانونیت، فتنہ و فساد، قتل و غارت گری اور پاکستان مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا گروہ سیاسی جماعت کہلانے کا حق رکھتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 9 مئی کے بعد سیاسی نہیں رہی تھی لیکن اسے لمبی ڈھیل دی گئی، نتیجہ یہ کہ سیاسی جھنڈا اٹھائے ایک خونخوار لشکر لاشیں گراتا، خون بہاتا، 9 مئی سے کہیں بڑا 9 مئی ساتھ لئے اسلام آباد تک آن پہنچا ہے۔
عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ کون سی ایسی جماعت ہے جس نے فائرنگ کی ہو، آنسو گیس پھینکی ہو، نصف درجن اہلکاروں کو قتل اور سیکڑوں کو زخمی کر دیا ہو؟ پاکستان کی 77 سال کی تاریخ میں کون سی ایسی جماعت ہے جس نے صوبائی طاقت کے ذریعے وفاق پر لشکر کشی کی ہو؟
