English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نیپال نے چین سے ہاتھ ملالیا، بھارت کے پیٹ میں مروڑ

نیپال نے بھی چین کے مشہورِ زمانہ منصوبے بیلٹ اینڈ روڈ میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ اس حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان وسیع البنیاد معاہدے پر دستخط کیے جاچکے ہیں۔ اس معاہدے نے بھارت کے پالیسی میکرز کی نیندیں اڑادی ہیں۔

بھارت کی پروپیگنڈا مشینری کام پر لگ گئی ہے۔ میڈیا نے شور مچانا شروع کردیا ہے کہ خشکی سے گِھرے ہوئے ملک نے چین سے ہاتھ ملاکر خود کو باقی دنیا سے جوڑنے کی کوشش کی ہے تاہم یہ بھی ہوسکتا ہے کہ نیپال چینی قیادت کی طرف سے بچھائے جانے والے قرضوں کے جال میں پھنس کر رہ جائے۔

انڈیا ٹوڈے نے ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ نیپال کے اس اقدام سے خطے میں بہت کچھ تبدیل ہوسکتا ہے۔ نیپال اور چین سے بھارت کے تعلقات کی نوعیت بھی بدل سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر نیپال کی طرز کا کوئی جامع معاہدہ اگر بنگلا دیش نے بھی چین سے کرلیا تو بھارت کے لیے نہ جائے رفتن نہ پائے ماندن والا معاملہ ہو جائے گا۔

بھارتی قیادت ایک طرف تو علاقائی چودھری بننے کی خواہش مند ہے اور دوسری طرف چھوٹی ریاستوں کو کچھ دینے کے لیے تیار بھی نہیں۔ ایسے میں پاکستان، بنگلا دیش اور جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے پاس چین، روس اور دیگر مضبوط ممالک کی طرف دیکھنے کے سوا کون سا آپشن بچا ہے؟

یاد رہے کہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشئیٹو پر دنیا بھر میں تنقید کی جاتی رہی ہے۔ چین نے افریقا کے متعدد ممالک سے معدنیات نکالنے کے معاہدے کیے ہیں۔ امریکا اور یورپ نے ان معاہدوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ پروپیگنڈا بھی کیا جاتا رہا ہے کہ چین قرضوں کا جال بچھاکر دنیا بھر کی اقوام کو پھانس رہا ہے۔ بھارت اس معاملے میں امریکا اور یورپ کے ساتھ کھڑا ہے مگر اُس کے لیے ایک بڑی پریشانی کی بات یہ ہے کہ پاکستان بھی اس منصوبے کا حصہ ہے اور دوسری طرف روس بھی پوری قوت کے ساتھ میدان میں آگیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے