اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات اور مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔ اجلاس کل صبح ساڑھے 11 بجے الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر میں ہوگا۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے انعقاد سے متعلق مختلف امور پر غور کیا جائے گا، جبکہ مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگا۔ اجلاس کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے متعلقہ ونگز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پشاور ہائیکورٹ میں سینیٹ انتخابات سے متعلق جاری سماعت پر بھی اجلاس میں تفصیلی گفتگو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کا لا ونگ عدالتی احکامات پر روشنی ڈالے گا، جبکہ الیکشنز ونگ انتخابی تیاریوں اور ممکنہ رکاوٹوں کے بارے میں تفصیلات پیش کرے گا۔
اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر کریں گے، جس میں ممبران الیکشن کمیشن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں ان امور پر عملی اقدامات کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔

