پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے لاہور میں مینار پاکستان پر ڈی چوک شہدا کی دعائیہ تقریب منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے 25 دسمبر کو لاہور میں تقریب کا اعلان کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو چیلنج بھی کیا ہے کہ اس موقع پر وہ بھی جلسہ کرکے آزما لیں، پتا چل جائے گا کہ کس کے جلسے کے لیے لوگ زیادہ نکلتے ہیں اور یہ بھی ثابتہ و جائے گا کہ کتنے لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں۔
صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں بات کرتے ہوئے معاون خصوصی سہیل آفریدی نے کہا کہ 26 نومبر کو بے گناہ لوگوں پر فائرنگ کی گئی، سب اخلاقی اقدار ختم ہو گئیں، لوگ احسانوں تلے دبے ہوئے ہیں جو حق نہیں کہہ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنا آئینی اور قانونی حق لینے کے لیے ڈی چوک گئے تھے۔ عمران خان کو جیل میں ناحق قید نہ کیا گیا ہوتا تو ہم اسلام آباد نہ جاتے۔ ہم ڈھائی سال سے قانون کا دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں لیکن ہمیں انصاف نہیں دیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ 25 دسمبرکو لاہور مینار پاکستان میں شہداکے لیے دعائیہ تقریب منعقد کریں گے، اس کے مقابلے میں آپ بھی پنجاب میں جلسہ کرلیں اگرہمارے لوگ زیادہ نہ ہوئے تو استعفا دے دیں گے۔

