حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ریڈیو پاکستان حیدرآباد کے ریٹائرڈ ملازمین نے 4 سال سے بقایا جات نہ ملنے کے خلاف پریس کلب کے سامنے محمد سمیع، محمد قدیر، حفیظ ہلائی اور دیگر کی قیادت میں احتجاج کیا۔ اس موقع پر رہنمائوں نے بتایا کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے 385 سے زائد ریٹائرڈ ملازمین سال 2020 سے کمیوٹیشن سے محروم اور کئی ملازمین کمیوٹیشن ملنے کے انتظار میں انتقال کر گئے، جبکہ کئی اپنے علاج سے محروم اور اپنے بچوں کی شادیاں بھی نہیں کرا سکے، کمیوٹیشن کی ادائیگی ایک ہفتے کے اندر کرنا لازم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان میں ریٹائرڈ ملازمین کو وقت پر پنشن کی ادائیگی بھی مسئلہ بنا ہوا ہے، کسی بھی مہینے مقررہ وقت پر پنشن ادا نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ رہنمائوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سال 2023-24ء میں پنشن میں کیا گیا، اضافہ 10مہینے گزرنے کے باوجود بھی ادا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کارپوریشن کے ملازمین میڈیکل الائونس سے بھی محروم اور کسی بھی اسپتال کے پینل پر نہیں ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سے اپیل کی کہ ریڈیو پاکستان کے ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل فوری حل کر کے ملازمین میں پائی جانے والی مایوسی اور بے چینی کا خاتمہ کیا جائے۔
